یوتھ فٹبال لیگ‘شیریں جناح اکیڈمی کی کورنگی پر برتری

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونائیٹڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور ایس سی بی کے تعاون سے کراچی کے مختلف گراؤنڈز پر کراچی یونائیٹڈیوتھ لیگ کے انڈر12، انڈر14اورانڈر16مقابلے جاری ہیں۔بلوچ اسٹار گراؤنڈ شرافی پر گروپ ’اے‘ میں کھیلے گئے میچوں میں انڈر12کٹیگری میں شیریں جناح اکیڈمی نے کورنگی اکیڈمی کو باآسانی 3-0کی ضرب لگائی۔ الطاف نے 14ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول اسکور کرکے 1-0سے آگے کیا۔ وقفہ پر کورنگی اکیڈمی ایک گول کے خسارے میں تھی۔ دوسرے ہاف میں شیریں جناح اکیڈمی کی ٹیم نے مزید 2گول داغ دئے جب مین آف دی میچ راشدنے 26ویں اور 29ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گول بنا کر اپنی ٹیم کو3-0کی کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ انڈر14میں شیریں جناح اکیڈمی کو کورنگی اکیڈمی پر 2-0کی سبقت حاصل ہوئی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے بلال نے اپنی ٹیم کیلئے دونوں گول اسکور کئے۔بلال میچ مردمیدان قرار پائے۔انڈر16ایونٹ میں کورنگی بلوچ نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کی جب انہیں شیریں جناح اکیڈمی پر 2-1کی برتری حاصل ہوئی۔وقار نے 8ویں منٹ میں شیریں جناح اکیڈمی کیلئے گول بنا کر عمدہ آغاز کیا لیکن کورنگی اکیڈمی کی ٹیم نے کامران کے ذریعے 18ویں منٹ میں گول اسکور کرکے حریف ٹیم کی برتری کا خاتمہ کیا اور اگلے ہی منٹ احمد نے کورنگی اکیڈمی کو 2-1سے آگے کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔منگھوپیر گراؤنڈ پر گروپ ’بی‘ کے انڈر12ایونٹ میں بلدیہ ٹاؤن اکیڈمی کو حمزہ کے 9ویں منٹ میں کئے ہوئے گول کی بدولت منگھوپیر اکیڈمی کیخلاف 1-0کی فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔حمزہ مین آف دی میچ رہے۔انڈر14میں منگھوپیر اکیڈمی حریف بلدیہ ٹاؤن اکیڈمی کو 2-1کی شکست پر مجبور کرنے میں کامیاب رہی۔
فاتح ٹیم نے خسارے میں جانے کے باوجود شاندار کم بیک کیا رئیس کے تیسرے منٹ میں کئے ہوئے گول کا جواب 5ویں اور15ویں منٹ میں اکبر نے دو گول بنا کر دیا۔ اکبر مین آف دی میچ قرار پائے۔ انڈر16میں منگھوپیر اکیڈمی اور بلدیہ ٹاؤن اکیڈمی کے مابین مقابلہ 0-0سے برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں عمدہ کھیل پیش کرنے کے باوجود مقررہ وقت میں گیند کو جال کی جانب روانہ کرنے میں ناکام رہیں۔بلدیہ اکیڈمی کے طارق کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔