لاہور(جسارت نیوز )پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام انڈر 18 گرلز چیمپئن شپ کراچی کی ٹیم نے جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق لودھراں رگبی گراؤنڈ میں پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ایک روزہ رگبی سیونز انڈر 18 ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لودھراں، وہاڑی، دنیا پور، کوٹ ادو اور کراچی کی ٹیموں نے شرکت کی۔ پاکستان رگبی یونین کی ویمن کوآرڈی نیٹر روما عباس کے مطابق پہلے میچ میں وہاڑی نے لودھراں کو 15-0 سے جبکہ دوسرے میچ میں کراچی نے کوٹ ادو کو 20-0 سے ، تیسرے میچ میں دنیا پور نے لودھراں کو 5-0 سے، چوتھے میچ میں وہاڑی نے دنیا پور کو 15-0 سے ہرا دیا۔ اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن کے لحاظ سے وہاڑی اور کراچی کی ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں دنیا پور نے کوٹ ادو کی ٹیم کو 5-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ کراچی کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں وہاڑی کے خلاف ایک ٹرائی اسکور کرکے میچ 5-0 سے جیت لیا۔ کراچی کی سحر کو مین آف میچ کا ایوارڈ جبکہ وہاڑی کی سونیا کو ویمن آف ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ کے مطابق رگبی میں خواتین کی بہت سی ٹیمیں آگے آرہی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔
کراچی کی لڑکیوں کی جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ کراچی میں بھی رگبی بھرپور فروغ پا رہی ہے۔