پی ٹی آئی کے استعفے منظورنہ کرکے ایازصادق نے بہترین کردارکاثبوت دیا، خورشیدشاہ

216

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کا کہنا ہے ایاز صادق کے کردار کو سراہتا ہوں جنہوں نے پی ٹی آئی کے استعفے منظور نہیں کئے ۔ کہتے ہیں مودی سرکار غصے کی سیاست کر کے خود کو مضبوط کرنا چاہتی ہے ۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا ایاز صادق نے اپنے لیے پارلیمنٹ کا تقدس پامال نہیں کیا، پاکستان تحریک انصاف کو ایاز صادق کا احسان مند ہونا چاہیے، اگر ایاز صادق چاہتے تو پی ٹی آئی کے استعفے منظور کرکے کہانی پہلے ہی ختم کر دیتے، ایاز صادق کے کردار کو سراہتا ہوں جنھوں نے استعفے منظور نہیں کیے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران خان کو سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہئے ، سیاست دان آپسی لڑائیوں میں پڑ گئے تو سسٹم تو جائے گا ہی ، ملک کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ ایم کیوایم کو پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سندھ حکومت نے دینی ہے الیکشن کمیشن کو انہی تاریخوں پر الیکشن کرانے ہوں گے ۔

بھارتی روایے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا مودی سرکار کو تجویز دی ہے ، مسائل جنگ سے نہیں بات چیت سے حل ہوتے ہیں، مودی سرکار غصے کی سیاست کر کے خود کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، پاکستان اور بھارت میں ہر طرح کے مذاکرات میں کشمیری رہ نماؤں کی موجودگی ضروری ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا اس بات کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ را کراچی اور بلوچستان دہشتگردی میں ملوث ہے ۔