لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اور شعائر اسلام کے متعلق ہونے والی سازشوں کیخلاف جماعت اسلامی 20 اکتوبر کو پنجاب بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر جلسے اور احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ختم نبوت بل پر حکومتی کمیٹی سے مطمئن نہیں ہیں۔ وفاقی اور صوبائی وزرا پنجاب کے اس حوالے سے مسلسل بیانات تشویشناک اور لمحہ فکر ہیں۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی ختم نبوت سے متعلق بیان بازی کی وضاحت اطمینان بخش نہیں ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں قابل مذمت اور افسوس ناک بیان دیے جارہے ہیں۔ مسلمانوں کے عقائد اور اسلامی شعائر پر حملہ امریکی اور یورپی ممالک کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کے حلف میں تبدیلی کرنے والوں کو فارغ کیا جائے۔
ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں نے 21 کروڑ پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے دلوں کو چھلنی کیا ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کا وضاحتی بیان مبہم اور ناکافی ہے انہیں فی الفور صوبائی وزارت سے برطرف کیاجائے۔