وواسا میں کرپشن ، ڈسپوزل اسٹیشنوں پر غیر معیاری موٹریں و پمپ نصب

132

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/نیوزرپورٹر)واسا کا ایک اور میگا فراڈ سامنے آ گیا، ڈسپوزل اسٹیشنوں پر دیسی موٹریں اور پمپ لگا کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے ڈائریکٹر عدنان اولکھ کے حکم پر تفتیش شروع کر دی گئی، 2 رکنی ٹیم نے چھاپامار کر غیر معیاری مو ٹر وں کی تنصیب روک کر شادی پور ہ ڈسپوزل اسٹیشن سیل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق واسا کی زیر نگرانی چلنے والے ڈسپوزل پمپوں کو موٹریں لگانے کی آڑ میں کروڑوں روپے کے کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ واسا ٹینڈر میں’’سمیں ‘‘کے پمپ اور’’کے ایس بی ‘‘کی موٹریں منظور کی جاتی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ واسا افسر دیسی ساخت کے پمپ اورموٹریں لگا کر مونو گرام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہوتا ہے جبکہ نا قص مو ٹروں کے با عث بجلی کا ما ہانہ بل زیادہ آ نے سے ہونیوالا نقصان الگ ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ لاہور کے دو ڈسپوزل پمپ جہاں جائیکا نے اپنی نگرانی میں پمپ اور موٹریں لگائی ہیں وہاں ہر ماہ بجلی کا بل بہت کم آتا ہے یہ موٹریں اور پمپ شاد باغ اور گلشن راوی ڈسپوزل پر نصب کی گئی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا



کہ ایک جاپانی موٹر 300 کے وی کی 25 سے 30 لاکھ کے قریب آتی ہے مگر واسا افسر صرف مونو گرام متعلقہ کمپنی کا لگاتے ہیں۔ شادی پورہ ڈسپوزل اسٹیشن میں ایکسین غفران، ایس ڈی او مدثر نے کرپشن کی، پھر انہی افسر وں کو ترقی دیدی گئی۔ غفران کو ڈائریکٹر آن پے اسکیل اور مدثر ایس ڈی او کو آن پے اسکیل ایکسین بنا کر منتقلکر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم محمود بوٹی ڈسپوزل، کھوکھر روڈ ڈسپوزل اسٹیشن، گلشن راوی، نشتر ملتان روڈ، کھاڑ ک ، کاہنہ، آؤٹ فال روڈ سمیت دیگر ڈسپوزل اسٹیشنوں پر ایکشن کریگی۔ تفتیشی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں خالد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ذوالفقار چیمہ شامل ہیں۔ تحقیقاتی افسر میاں خالد نے بتایا کہ یہ بہت بڑا فراڈ ہے ، ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہے ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائیگا۔