اسلام آباد:وزیراعظم سے ایم کیوایم کے وفد کی ملاقات ، کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار

185

وزیراعظم نوازشریف سے ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایم کیوایم کے وفد نے کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی طرف موڑ دیا گیا ہے ۔

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیوایم کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت یا کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں ہے بلکہ کراچی آپریشن سماج دشمن عناصر کے خلاف ہے اور یہ آپریشن سماج دشمن عناصر کے خاتمے تک جاری رہے گا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ وسیع تر قومی مفاد کی خاطر ایم کیوایم پارلیمان کا حصہ رہے ۔ اس موقعے پر وزیراعظم نے ایم کیوایم کے تحفظات سننے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کراچی میں امن کی بحالی اور شہریوں کی زندگی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے دہشت گردی کیخلاف پورے عزم کیساتھ ایکشن لیا، اور دہشت گردی کے خلاف فوج لیڈ رول ادا کررہی ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا ہم نے دہشت گردوں کے رد عمل کے خدشات کی پرواہ نہیں کی، اس لئے ہم قوم کے اتفاق رائے اور سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے ضرب عضب شروع کیا،

پرائم منسٹر کا کہنا تھا حکومت نے دہشتگردی کیخلاف نئے عزم کیساتھ ایکشن لیا، جسکی مثال نہیں ملتی، کراچی آپریشن بھی پورےعزم کیساتھ شروع کیا،اس میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اور اسی جذبے کے ساتھ فرقہ واریت کے خلاف بھی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا فرقہ وارانہ عناصر کی یہاں کوئی گنجائش نہیں، انہیں پنپنے نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا جس پارٹی کا بھی جائز گلہ ہوگا اس کو ضرور سنیں گے ، آپریشن صرف مجرموں کے خلاف ہورہا ہے، ایم کیوایم گلہ کرتی ہے، لیکن کراچی آپریشن کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیوایم کو ہی ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کراچی آپریشن سے حالات نارمل ہو رہے ہیں، کراچی جلد پرامن شہربن جائے گا، کراچی آپریشن کی تعریف ناصرف کراچی والے بلکہ ملک بھر کے عوام کررہےہیں۔