اسلامی جمعیت طلبہ اصلاح معاشرہ کا فریضہ ادا کررہی ہے‘ میاں اسلم

493

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمداسلم نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں کو اپنی علمی اور فکری تربیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے اور دینی میدان کے ساتھ ساتھ علمی میدان میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے اور معاشرے میں ایک رول ماڈل بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ افراد کی تربیت کے ذریعے اصلاح معاشرہ کا فریضہ ادا کررہی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ ہیں، انہیں اپنے دروازے سب کے لیے کھلے رکھنے چاہییں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ اسلام آباد کی دو روزہ تر بیت گا ہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ اسلام آباد کے ناظم صہیب احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ وہ درخت ہے جس نے ملک و قوم کو ہمیشہ سایہ دیا ہے۔ پاکستان کے نوجوان ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ حکومت فوری طور پر طلبہ یونینز پر پابندی ختم کرے اور ملک میں جمہوری اقدار کو پنپنے کاموقع اور یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے تا کہ ملک کی وحدت اور یکجہتی قائم رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر پانچ بڑی بیماریوں کا سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کرے گی جبکہ 30 ہزار سے کم ماہانہ آمدنی والے خاندانوں کو اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں سبسڈی دے گی۔