***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

362

راولپنڈی (جسارت نیوز) ممبران کینٹ بورڈ راولپنڈی کا نمائندہ اجلاس یہاں اقبال پیلس دھمیال کیمپ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت نائب صدر کینٹ بورڈ ملک منیر نے کی جبکہ ممبران کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال، راجا جہانداد، حافظ حسین احمد، رشید خان، منصور ملک، ارشد قریشی،ملک ساجد،محمد شفیق اور یوسف گل شریک ہوئے۔اجلا س میں ممبران کینٹ بورڈ پر کے سابقہ کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی اور تمام کمیٹیوں کے کردار کو سراہا گیا۔ملک منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے لیے کمیٹیوں کا کردار لائق تحسین ہے۔ہم سب کو مل کر اپنی کارکردگی کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے وسیع تر مفاد اور ان کے موجودہ مسائل کے فوری حل کے لیے جلد ممبران کینٹ بورڈ کا وفد سٹیشن کمانڈر بریگیڈئر شہزاد تنویر سے ملاقات کرے گا اور عوام کی بہتر سہولیات کے لیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔

* گوادر(نمائندہ جسارت) بلوچستان میں تعلیمی استیحصال ناقابل قبول ہے ،تعلیم کے بغیر خوابوں کو تعبیر نہیں دلایا جاسکتا۔صوبے بالخصوص گوادر کے تعلیمی ادارے سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں ۔ بی ایس او طلبا کی آواز ہے ۔ان خیالات کا اظہار بالاچ قادرنے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گوادر کے اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گوادر زون کا اجلاس گزشتہ روز زیر صدارت ضلعی آرگنائزر نصیر احمد نگوری کے منعقد ہوا جس میں بی ایس او کے سابق صدر محمد جان حسن و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ جس میں تنظیم کے آئندہ لائحہ عمل سمیت گوادر کے تعلیمی مسائل پر بحث کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تعلیمی ایمرجنسی کے دعووں کے باوجود بھی تعلیم کا استحصال ہورہا ہے جو قابل مذمت ہے تعلیمی درسگاہوں میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جسکی وجہ سے طلبا وطالبات کی روشن مستقبل تاریک ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاسید ہاشمی ڈگری کالج گوادر میں بی ایس پروگرام شروع کرکے مزید مسائل کو بڑھایا جارہا ہے کیونکہ کالج میں پہلے سے ہی استاتذہ سمیت سہولیات کا فقدان ہے ذمے داران صرف کرسیوں پر بیٹھ کر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہیں جبکہ ان کو یہ نہیں پتا کہ ہمارے تعلیمی ادارے کس مشکلات سے گزررہے ہیں۔گوادر کالج میں صرف دو ڈپارٹمنٹس میں بی ایس پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں اسلامیات اور زولوجی شامل ہیں ان دونوں ڈپارٹمنٹس میں صرف آرٹس اور پری میڈیکل کے طلبا داخلہ لینے کا اہل ہوں گے جبکہ پری انجینئرنگ اور آئی ٹی کے سیکڑوں طلبا تعلیم کو الوداع کہنے پر مجبور ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے طلبا کو عالمی معیار کی جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں یہاں فنی نوجوان اپنے تمام اداروں کا کنٹرول سنبھال سکیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزیدکہا کہ بی ایس او طلبا کی آواز ہے ہر فورم پر تعلیمی مسائل پر لب کشائیں کریں گے ۔اجلاس میں ضلعی ڈپٹی آرگنائزر وقاص جام ،نبیل بلوچ،شاہ بخش دشتی،ارفان مینگل،و دیگر رہنما شریک تھے۔

* بنوں (آئی این پی) بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ دشمنی کاشاخسانہ ہوسکتی ہے۔ پولیس کے مطابق تحصیل گلی میں دو بھائی کسی کام کے لیے اپنے گھر سے نکلے تھے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔لاشوں کو ڈی ایچ کیواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

* کندھکوٹ (آئی این پی) پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین کو کاری کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ نواحی گاؤں ہیبت میں پولیس نے دو خواتین کو کاری کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ پولیس کے چھاپے کے دوران چاچڑ برادری میں تصادم سے آٹھ افراد زخمی ہوئے۔پولیس نے ایک خاتون کو تحویل میں لے لیا جبکہ دوسری خاتون فرار ہوکروالدین کے پاس پہنچ گئی۔

* کوئٹہ (آئی این پی) پاکستان اور ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا اجلاس ہوا ‘ اجلاس میں سمگلنگ منشیات کی روک تھام‘ سرحدی سکیورٹی امور اور بلوچستان کے راستے تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا اجلاس تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اجلاس میں پاکستان اور ایران کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام ‘ سرحدی سکیورٹی امور اور بلوچستان کے راستے تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

* پشاور (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آزاد امیدوار کو نوٹس جاری،3 روز میں جواب طلب ، نجی ٹی وی کے مطابق آزاد امیدوار لیاقت علی نے انتخابی مہم کے دوران لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کیا جس کا ڈی آر او نے نوٹس لے لیا اور ان سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب کرلیا۔* لاہور (آئی این پی) پاکستان ریلوے نے کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی خیبر میل ایکسپریس کو رینالہ خورد رکنے کی اجازت دیدی۔ اتوار کو پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق ریلوے کے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سید عاشق حسین کرمانی نے رینالہ خورد ریلوے سٹیشن پر ٹرین کا استقبال کیا۔ رینالہ خورد ریلوے سٹیشن کو دو کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بھی بنایا جائے گا۔

* لاہور (آئی این پی) صوبائی درالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی آمد کے پیش نظراوقات کار تبدیل۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ بوائز اسکولوں کے اوقات کار صبح ساڑھے 8 سے ڈھائی بجے اور سنگل شفٹ گرلز اسکولوں کے اوقات کار صبح سوا 8بجے سے دوپہر سوا 2 بجے تک ہوں گے۔ ڈبل شفٹ بوائز سکولوں کے اوقات کار صبح ساڑھے 7 بجے سے دوپہر 12 بجے جبکہ سکینڈ شفٹ کے اوقات کار دوپہر ساڑھے 12 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔ ڈبل شفٹ گرلز اسکولوں کے اوقات کار بھی یہی ہوں گے۔

* پشاور (آئی این پی) پشاور میں کروڑوں ڈالر کے ریپڈ بس منصوبے کے لیے بھاری مشینری پہنچا دی گئی، چینی انجینئرز بھی شہر میں موجود ، جبکہ 19 اکتوبر سے کام کا آغاز ہوجائے گا۔ پشاور ریپڈ بس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ہیوی مشینری پشاور پہنچا دی گئی، جس میں لوڈر، ایکسویٹر ، مکسچر اور کرین شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک 19 اکتوبر کو منصوبے کا افتتاح کریں گے۔