حکومت اورایم کیوایم کےدرمیان مذاکرات کامیاب،کراچی آپریشن پرسمجھوتا نہیں

201

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے آج کے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے ایم کیوایم نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ استعفوں کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی ۔ ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کے لئے 19 نکاتی دستاویز پیش کی ہیں ۔

اسلام آباد میں ہونے والے حکومتی نمائندوں اور ایم کیوایم کے وفد کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا وزیراعظم ہاؤس میں ایم کیوایم کے وفد کے ساتھ میری ثالتی میں بات چیت کا آغاز ہوا ۔ فاروق ستار نے ایم کیوایم کے پانچ رکنی وفد کی قیادت کی ۔ مولانا کا کہنا تھا مذاکرات کے دوران ایم کیوایم نے اپنے استعفوں کی وجوہات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ایم کیوایم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ استعفوں کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی ، جس پر وزیراعظم نے ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کیلیے کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ جتنی بھی شکایات ہیں اس کمیٹی میں پیش کی جائیں گی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا حکومت نے ایم کیوایم کی تمام شکایات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا ہم آج مذاکرات کی میز پر ایم کیوایم کی طرف سے 19نکاتی دستاویز پیش کی ہیں ۔ وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم کو تمام تر مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ فاروق ستار کا کہنا تھا ہم نے جو نکات پیش کئے ہیں ان میں پہلے نمبر یہ کہ جو ہمارے ہزاروں کارکن ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے ہیں ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ۔ دوسرے نمبر پر ایم کیوایم کا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے ۔ تیسرے نمبر پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر پر جو پابندی لگائی گئی ہے وہ ختم کی جائے کیونکہ الطاف حسین کی تقریر پر پابندی اظہار خیال پر پابندی ہے ۔

فاروق ستار کا کہنا تھا ایم کیوایم نے کبھی کراچی آپریشن بند کرنےکی بات نہیں کی ۔ مگر ہمارے کارکنوں کے قاتلوں کو تو بھی پکڑا جائے ۔ مجرموں کے خلاف ایم کیو ایم بھی عدم برداشت کا رویہ رکھتی ہے ۔

اس موقعے پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا ایم کیوایم نے آج اپنے تحفظات وزیراعظم صاحب کے سامنے رکھے ، جس پر وزیراعظم نوازشریف نے بھی ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا تمام سیاسی جماعتوں کی رضامندی سے کراچی آپریشن شروع کیا گیا تھا اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کراچی آپریشن جاری رہے گا، وزیرخزانہ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے استعفوں کو بھی ہم نے واپس کرانے میں کردار ادا کیا ، نواز شریف کا وژن ہے کہ تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام ہو گا۔ جو کمیٹی بنائی جارہی ہے وہ کمیٹی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مسائل کا حل نکالے گی ۔