فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم حافظ باسم سعید اورجنرل سیکرٹری اویس شاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے اندر ہر شعبے میں یونین اور فیڈریشنز موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے طلبہ برادری اس سے محروم ہے ۔ہمارا اولین مطالبہ یہ ہے کہ طلبہ یونین نہ صرف بحال کی جائے بلکہ اس کے الیکشن بھی کرائے جائیں۔انہوں نے کہا اسلامی جمعیت طلبہ25اکتوبرکوراولپنڈی میں ہونے والے طلبہ کنونشن تک حکومت کو ملک میں عام انتخابات سے قبل طلبہ یونین کے الیکشنزکروانے کا الٹی میٹم دیتی ہے وگرنہ26اکتوبر کو ہم عملی اقدام کا اعلان کریں گے۔باسم سعید نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم بھی ہمارا ایک اہم مطالبہ ہے۔نظام تعلیم معیاری ہونا چاہیے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلیمی ادارے لیڈر پیدا کریں جو آگے آکر قوم کو اقوام عالم کی صفوں میں پہلے نمبر پر لا کھڑا کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مالی کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔جی ڈی پی سے تعلیم کو ملنے والا بجٹ انتہائی کم ہے اور انتہائی افسوس کے ساتھ یہ بات کرنا پڑ رہی ہے کہ اس کم بجٹ میں سے بھی جو بجٹ تعلیمی اداروں پہ لگایا جاتا ہے وہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ہمارے اسکولز،کالجز اور یونیورسٹیاں بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ تعلیم کا بجٹ بڑھایا جائے اور اس میں سے کرپشن کو ختم کیا جائے۔طلبہ کا ایک اور مسئلہ تعلیم کا مہنگا ہونا ہے۔تعلیم سستی کی جائے اور اعلیٰ تعلیم کے لیے زیادہ سے زیادہ سکالرشپ کا اہتمام کیا جائے۔اویس شاہ نے کہاکہ ہم اپنے مطالبات پورے کرانے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔حکومت کو چاہیے کہ صوبہ بھر کے طلبہ کے جائز مطالبات پورے کرے تاکہ نوجوانان وطن کا مستقبل بہتر بنایا جاسکے۔25اکتوبرکو ہونے طلبہ کنونشن کے بعد ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی قیادت میں حقوق طلبہ مارچ ہوگا جس میں ہزاروں طلبہ سڑکوں پر نکل کراپنے مطالبات کی آواز بلند کریں گے۔