بعض وزرا عقیدہ ختم نبوت پر گمراہ کن بیان بازی کررہے ہیں‘ ملی مسلم لیگ

313

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)تحریک حرمت رسول ، ملی مسلم لیگ کے رہنما فیصل ندیم نے ختم نبوت کے حلف نامے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ حلف نامے میں ترمیم کرنے والوں کو بے نقاب کر کے انہیں سخت سزائیں دی جائیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کو چھپانے کی کوششیں درست نہیں ہیں۔ بعض وزرا عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے گمراہ کن بیان بازی کر رہے ہیں۔ قادیانی اسلام و پاکستان کے بہت بڑے دشمن ہیں۔انہیں مسلمان ثابت کرنے کی کوششیں مسلمانوں کی اجتماعیت کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک حرمت رسول اور ملی مسلم لیگ کے رہنما فیصل ندیم نے مرکز سعد بن معاذؓ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ راجا ظفر الحق کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ جلد منظر عام پر آنی چاہیے اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزائیں دینی چاہییں تاکہ پاکستانی قوم میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوسکے۔ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوسکتا۔ حلف نامے میں ترمیم کی کوشش ایک منظم سازش کے تحت کی گئی۔ ایسی ناپاک جسارت کرنے والوں کو بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ کو چھپانے کی خبریں انتہائی تشویشناک ہیں۔ غیور پاکستانی قوم حرمت رسول اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔ حکومت کی جانب سے حلف نامے میں ترمیم واپس لینے کے باوجود سازشوں کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔ اس کا واضح ثبوت بعض وزرا کی قادیانیوں کے حق میں کی جانے والی بیان بازی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے پہلے سے بنے ہوئے قوانین میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ حکمرانوں کو یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ مسلمان گناہ گار ہو سکتے ہیں لیکن عقیدہ ختم نبوت اور حرمت رسول کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا ملک ہے۔ جن لوگوں نے ختم نبوت سے متعلق حلف نامے میں ترمیم کی ان کی نشاندہی کر کے قرار واقعی سزا دینی چاہیے۔ قوم اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔