آستانہ:وزیراعظم نوازشریف کی قازقستان کے وزیراعظم کریم ودائیوف سے ملاقات

163

وزیراعظم نوازشریف نے قازقستان کے وزیراعظم کریم ودائیوف سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعظم کریم ودائیوف نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے موقعے پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم خوشحالی کا مشترکہ ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں ، قازقستان پاکستانی تاجروں کے لئے ویزہ پالیسی میں نرمی کرے ۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا ہم تجارت ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے قازقستان کے ساتھ معاہدے کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا قازقستان توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔

دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا۔

اس سے پہلے قازقستان پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف کا وزیرخارجہ نے استقبال کیا ۔ وزیر تجارت خرم دستگیر، وزیر مملکت پیٹرولیم جام کمال اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔