ملک میں جمہوریت کے نام پر مذاق ہورہا ہے، یوسف گل

160

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ غربت، بے روزگاری، کمرتوڑ مہنگائی اور کرپشن کیخلاف جدوجہدجاری رکھیں گے۔ فیصل آباد شہر سمیت ملک بھر میں حکمرانوں کی طرف سے ترقی کے دعوے متوسط طبقات اور فاقہ زدہ لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ شہر میں 60 فیصد سے زائد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ بے روزگاری نے نوجوان نسل کو جرائم اور منشیات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر مذاق ہورہا ہے۔ 77 سال میں زیادہ تر حکمرانوں نے معیشت، تجارت، تعلیم اور عدالتوں کو نشانے پر رکھا اور آج بھی صورتحال سابق ادوار سے مختلف نہیں ہے۔ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عوام بے پناہ مسائل کا شکار ہیں اور حکمران ٹولہ سابقہ تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ یوسف گل پراچہ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔