ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، سردار ظفر خان

114

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) صوبائی وزیر قانون کی طرف سے قادیانیوں کو مسلمان قرار دیے جانے کیخلاف جماعت اسلامی کے کارکن جمعہ دوپہر دو بجے چنیوٹ بازار سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی مارچ کریں گے، ہر صوبائی حلقے سے کارکن زونل امرا کی قیادت میں جلوسوں کی شکل میں ریلی میں شرکت کریں گے۔ برادر تنظیمات کو ہدف مقرر کردیے گئے۔ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ مسلمان اپنی جانیں قربان کردیں گے مگر ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں برادر تنظیمات کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی نائب امیر غلام عباس خان، جنرل سیکرٹری رانا وسیم ایڈووکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا ایڈووکیٹ، پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری، ملک بشیر، پاسبان یونین کے رہنما میاں اعجاز، اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم باسم سعید، این ایل ایف کے رہنما راؤ نصرت، رانا اقرار، سید اختر علی شاہین، جے آئی یوتھ کے صدر رانا عدنان اور دیگر بھی موجود تھے۔ سردار ظفر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ قادیانیوں کو کافر قرار دے چکی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے عاشقان رسول کی غیرت کو للکارا ہے۔ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، جس پر کبھی بھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔