خیرپور،دیوالی کے موقع پر الخدمت کے تحت ہندو برادری میں تحائف تقسیم

191

خیرپور(وقائع نگار خصوصی)ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی مناسبت سے الخدمت فاؤنڈیشن نے ہرچو رام دام کمیونٹی سینٹر میں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پرمندر کوالیکٹرک واٹر کولرکا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ ہندو برادری کے مستحقین میں 100 سے زائدسلے ہوئے کپڑے اور رضائیاں تقسیم کی گئیں۔تقریب میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص خیرمحمد تنیو ڈائریکٹر ڈزاسٹر مینجمنٹ ، ممبر منارٹی ڈیسک الخدمت سندھ ڈاکٹر شنکر لال ، حسن طارق شمسی صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیرپور نے خصوصی طورپر شرکت کی۔خیرپور کے پنچایتی ہال میں منعقد تقریبات میں ہندو اورسکھ برادری کے معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پرہندو برادری کے رہنماؤں مُکھی لال چند، اوٹن مل، لالا رمیش کمار اور ہری داس نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے دیوالی کے موقع پر باوقار تقریب کے انعقاد سے ہمارے حوصلے بلند ہوتے ہیں ، اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ الخدمت بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ خوشی کے اس موقع پر الخدمت نے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا بڑا مسئلہ حل کردیا اور مستحق ہندوؤں میں سلے سلائے جوڑے اوردیگر تحائف تقسیم کر کے ہماری خوشیوں کو دوبالاکردیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت سندھ خیر محمد تنیو، ڈاکٹر شنکر لال اور الخدمت خیرپور کے صدرحسن طارق شمسی نے کہا کہ خدمتِ انسانیت کا عظیم سفر مذہبی ، لسانی و علاقائی تفریق کے بغیرجاری ہے ۔ملک میں موجوداقلیتی برادری کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلیے الخدمت نے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے، معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کو ضروریات زندگی فراہم کرنے کو ہم اپنا اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔