ضلع کونسل کو بلدیہ عظمیٰ کے امور میں مداخلت سے روکا جائے، ڈاکٹر فاروق

226

کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری ڈاکٹر ایس ایم فاروق نے صوبائی محکمہ بلدیات سے کہا ہے کہ ضلع کونسل کراچی کو بلدیہ عظمیٰ کے امور میں مداخلت کرنے سے روکا جائے جو خلاف قانون کے ایم سی کے شعبہ ویٹرنری کو حاصل اختیارات کا استعمال کررہی ہے۔یہ بات انہوں کمشنر کراچی کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ کے اختیارات سلب کرکے ضلع کونسل کے سپرد کرنے سے متعلق 10 اکتوبر کو روزنامہ جسارت میں شائع ہونے والی خبر پر حکام کے نوٹس کے جواب میں کہی ۔ اس ضمن میں سینئر ڈائریکٹر
ویٹرنری نے جسارت کی خبر کی تعریف کی اور کہا کہ اس بروقت خبر کی اشاعت سے بلدیہ عظمیٰ کو اس کا حق ملنے کی توقع پیدا ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ حکام نے جسارت کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے چیف آفیسر اور کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری سے 3 روز کے اندر رپورٹ طلب کی تھی۔



ڈاکٹر فاروق کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ’’ قانون کے تحت دودھ دینے والے جانوروں اور دیگر جانوروں کی صحت کی جانچ اور اس پر فیس وصول کرنے کا اختیار صرف بلدیہ عظمیٰ کو حاصل ہے لیکن ضلع کونسل یہ دونوں فیس وصول کررہی ہے اس لیے اسے فوری طور پر روکا جائے ۔یہ جواب حکام نے وصول کرلیا ہے تاہم ڈسٹرکٹ کونسل کے چیف آفیسر نے اس بارے میں تاحال کوئی جواب ارسال نہیں کیا ۔ اس حوالے سے جب ضلع کونسل کراچی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا ہے کہ ’’ میری اطلاع کے مطابق یہ فیس کے ایم سی ہی وصول کررہی ہے ‘‘۔ نمائندہ جسارت نے جن کونسل کے چیف آفیسر مسرور احمد سے رابطہ کیا تو ان کا فون بند تھا ۔