بلوچستان میں دھماکا اور فائرنگ‘ انسپکٹر سمیت 9شہید

1074
کوئٹہ: بم دھماکے میں تباہ ہونے والا ایف سی کا ٹرک۔ چھوٹی تصویر میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے
کوئٹہ: بم دھماکے میں تباہ ہونے والا ایف سی کا ٹرک۔ چھوٹی تصویر میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان میں خودکش کار بم دھماکے اورفائرنگ کے واقعات میں پولیس انسپکٹر سمیت 9 افراد شہید اور33 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک میجر سمیت 4 ایف سی اور24پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بلوچستان کانسٹیبلری کی ایلیٹ فورس کے ٹرک سے ٹکرادی۔ دھماکے میں 6اہلکاروں سمیت 7افراد شہید جبکہ 24 اہلکاروں سمیت 29افراد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکا بدھ کی صبح ساڑھے 8بجے کوئٹہ سے تقریبا 18کلومیٹر تھانہ نیو سریاب کی حدود میں کوئٹہ سبی روڈ پر درخشاں ریلوے پھاٹک کے قریب ہوا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والا ایک موٹر سائیکل سوار بھی شہید ہوا ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے۔لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال، شیخ زید، بولان میڈیکل ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں سے7اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تصدیق کی کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور کار میں سوار تھا۔ دھماکے میں تقریبا 100 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ کے علاوہ آتش گیر مادے کا بھی استعمال کیا گیا جس سے دھماکے کے فوری بعد ٹرک میں آگ لگ گئی۔



صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی، قائم مقام آئی جی پولیس محمد ایوب قریشی، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران اور ایف سی حکام نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، صوبائی وزراء سرفراز بگٹی، عبدالرحیم زیارتوال، کماندر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ،قائمقام آئی جی پولیس محمد ایوب قریشی اور دیگر اعلیٰ حکام نے سول اسپتال اور سی ایم ایچ کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی اور پولیس لائن میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں بدھ کی دوپہر کوئٹہ کے تھانہ سریاب کی حدود میں قمبرانی روڈ پر گھات لگائے دہشت گردوں نے کاؤنٹر ٹیرریزم ڈیپارٹمنٹ پولیس کے انسپکٹر عبدالسلام بنگلزئی کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق شہید انسپکٹر گزشتہ 3 سال سے سی ٹی ڈی میں جیو فینسنگ کے ماہر کے طور پر تعینات تھے انہیں گھر سے دفتر جاتے ہوئے نشانا بنایا گیا۔دریں اثناء پنجگور سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ناگ میں گھات لگائے دہشت گردوں نے ایف سی کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سپاہی حنیف شہید جبکہ میجر منصور سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایف سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد ایف سی کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ لاش اور زخمی اہلکاروں کواسپتال منتقل کردیاگیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے دہشت گردی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے جب کہ صوبائی حکومت کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔