الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی ۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کو حکم نامے کا درجہ دیا ہے ۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر ، وزیراعظم ، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی حلقوں کا دورہ کر سکیں گے تاہم دورے کرنے والی شخصیات ترقیاتی اسکیموں کا اعلان نہیں کر سکتے ۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی تاہم کارنر میٹنگز کے لئے لاؤڈ اسپیکر استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے بڑے جلسے جلوس کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق وال چاکنگ اور دیواروں پر اشتہار لگانے پرمکمل پابندی ہوگی، میڈیا تمام جماعتوں کومکمل اور مناسب موقع دیگا، یکطرفہ موقف دینے پر پابندی ہو گی، میڈیا حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش نہیں کرے گا ۔
ضابطہ اخلاق کے تحت سیاسی جماعتیں میڈیا پر مخالف پارٹی کی پالیسیوں پر تنقید کر سکتی ہیں تاہم ذاتیات پر نہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرآرٹیکل 204 یعنی توہین عدالت تصور کیا جائیگا