محکمہ تعلیم لسبیلہ کے سیکڑوں ملازم وفوت شدہ ملازمین کی بیوائیں بہبود فنڈ سے محروم

155

اوتھل(نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم لسبیلہ کے سیکڑوں ملازمین اور فوت شدہ ملازمین کی بیوائیں گزشتہ کئی سالوں سے بہبود فنڈ سے محروم،فوت شدہ ملازمین کی بیوائیں سرکاری گزارا الاؤنس سے بھی محروم، ملازمین وبیوائیں سخت مالی مشکلات کا شکار۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم لسبیلہ کے سیکڑوں ملازمین اور فوت شدہ ملازمین کی بیوائیں گزشتہ کئی سالوں سے بہبود فنڈ سے محروم ہیں حالانکہ ملازمین کی تنخواہوں سے ماہانہ ہزاروں روپے کی کٹوتی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ تعلیم لسبیلہ کے ملازمین بہبود فنڈ لینے سے محروم ہیں جبکہ اس حوالے سے بتایاجاتاہے کہ محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ ملازمین کو فیئرویل کی رقم بھی نہیں مل رہی اور نہ ہی فوت شدہ ملازمین کی بیواؤں کو گزارا الاؤنس مل رہاہے جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین وفوت شدہ ملازمین کی بیوائیں سخت مالی مشکلات کا شکارہیں جبکہ کئی ملازمین اور بیواؤں کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوگئے ہیں ۔ ان ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ بورڈ ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ بہبود فنڈکی مد میں رقم ریلیز کرکے جلد از جلد انہیں ادائیگی کی جائے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین اور فوت شدہ ملازمین کی بیواؤں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوسکے۔