دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کو اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے،لیاقت بلوچ

189

قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے امانت ودیانت سے ملک وقوم کی خدمت کی ہے، قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود نااہل وکرپٹ قیادت کی وجہ سے آج ملک آئی ایم ایف کی غلامی میں ہے۔ مٹھی بھر خاندان قومی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں جس سے نجات اور عدل کے نظام کا نفاذ ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹھٹہ میں پریس کلب کے قریب گراﺅنڈ میں جماعت اسلامی کے 75ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر، ضلعی امیر الطاف ملاح نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،آدم گندرو، مجید سموں بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت نے عوام کی بے لوث خدمت اور اللہ نے 74سالوں میں ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑے رہنے کی توفیق دی، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو انہیں ظلم کے نظام سے نجات اور شریعت کے قیام سے ان کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔آج پاکستان اندرونی وبیرونی طور بحرانوں سے دوچار ہے، مخلص، اہل،جرات مند اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔امن کی خاطر کراچی آپریشن سمیت دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کو اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔

دریں اثناءمیڈیا کے نمئندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب تک مالی اور انتظامی طور پر الیکشن کمیشن کو بااختیار اور آزاد وخود مختار اور سیاسی پارٹیاں اپنا دیانتدارانہ کردار ادا نہیں کرتیں اس وقت تک عوام کے حقوق پر ڈاکہ و دھاندلیوں کے الزام لگتے رہیں گے، اسلئے صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ اس موقع پر صدر ٹھٹہ پریس کلب محبوب بروہی اور سابق صدر شاہد صدیقی بھی موجود تھے۔