قومی ایکشن پلان،ضرب عضب اورکراچی آپریشن کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے،لیاقت بلوچ

216

جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام امیرلیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی ایکشن پلان ،ضرب عضب اورکراچی ٹارگٹڈ آپریشن کومنظقی انجام تک پہنچایا جائے ،بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ ،لسانیت وعصبیت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ہونی چاہیں ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متفقہ قومی کشمیر پالیسی اپنائی جائے،انتخابی نظام ناقص ہے اس کی اصلاح ہونی چاہیے،جماعت اسلامی کے پارلیمانی نمائندوں،کے پی کے کے وزراءکے لیے عوام کلمہ خیر کہتے ہیں اگر عوام ملک کی باگ دوڑ جماعت اسلامی کودیں تو ہم خوش حال پاکستان دیں گے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہارانھوں نے مرکزتبلیغ اسلام مکی شاہ روڈ پرجماعت اسلامی کے 75ویں یوم تاسیس کے اجتما ع ،پریس کلب ،الیکڑونک میڈیاکے نومنتخب عہدیداران کودیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تاسیسی اجتماع سے امیرجماعت اسلامی سند ھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی ،صوبائی رہنماعبدالوحیدقریشی ،امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہرمجید،جنرل سیکریٹری ڈاکٹرسیف الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک افغان کشیدگی کے پیچھے بھارت امریکہ گٹھ جوڑ ہے افغان حکومت اور طالبان کو دشمن کے بچھائے ہوئے جال سے ہوشیاررہنا چاہیے، پاکستان،افغانستان اور طالبان مل بیٹھ کرفیصلہ کریں۔ کشمیر کے لیے بھارت سے مذاکرات سے انکارنہیں لیکن بھارتی شرائط قابل قبول نہیں نریندرمودی دنیامیںدس سرفہرست دہشتگردوں میں شامل ہے ضرب عضب اور پاک چائنااکنامک کوریڈور پر جس طرح قوم کااتفاق رائے ہے اسی طرح کشمیر کے لیے قومی اتفاق رائے پیداکیاجائے۔انھوں نے کہاکہ انتخابی اور احتسابی دونوں نظاموں میں خرابی موجودہے چاروں صوبوں کے الیکشن کمیشن کے ممبران کے استعفوں سے سسٹم نہیں بدلے گا کلچرتبدیل کرنے کی ضرورت ہے لوٹ مار اور کرپشن کرنے والے کوپکڑاجائے تواس قدرشورمچتاہے جیسے کسی مظلوم کو پکڑا گیا ہو۔

انہوں نے کہاکہ کڑے احتساب کی ضرورت ہے، نظام احتساب کودرست کیے بغیر احتساب ممکن نہیں ۔انھوں نے کہاکہ قیام امن کے لیے فوج رینجرزپولیس اور حساس اداروں نے قربانیاں دی ہیں ضرب عضب ،ٹارگٹڈ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کررکھاہے بلدیاتی انتخاب عوامی حق ہے سندھ اورپنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپورحصہ لے گی ۔حکمرانوں نے ملک کو معاشی طور بدحال کررکھاہے کاشتکار پریشان ہیں بجلی کا بحران ہے کسان سراپا احتجاج ہیں اگر توجہ نہیں کی گئی توملک بحران سے دوچار ہوسکت اہے۔ انھوں نے کہاکہ قائداعظم ؒ کی رحلت اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد فوجی جنتا اور سول اسٹیبلشمنٹ کے ذوق حکمرانی نے ملک کو مستحکم ہونے نہیں دیا۔73 ءکاآئین متفقہ ہے جس میں عقیدہ ختم نبوت مولانامودودی ؒ کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے بین الاقوامی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوزاس شق کوختم کروانا چاہتی ہیں لیکن جماعت اسلامی اس کے خلاف رکاوٹ ہے۔

انھوں نے کہاکہ مولانامودوی ؒکی فکری تحریک آج الحمد اللہ تناور درخت بن چکی ہے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے لیے جماعت اسلامی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی ہوئی نہیں ہیں مستقبل اسلام کاہے ان شاءاللہ اسلامی تحریکیں طاغوت کے مقابلے میں کامیاب ہونگی۔ اس موقع پر پریس کلب اور الیکڑونک میڈیاکے عہدیداران کو اجرک کاروایتی تحفہ بھی پیش کیا گیا۔