کسی بھی جارحیت کی گھڑی میں پوری قوم 1965 کی طرح متحد ہے،خواجہ آصف

200

 وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اس طرح متحد ہے جس طرح 1965 کی جنگ میں بھارتی جارجیت کے خلاف تھی ۔ 6 ستمبر کو ہم اپنے قومی ہیروز کو ملک کی حفاظت کے لیے قمیتی جانوں کا نذرانہ دینے پر سلام پیش کریں گے ۔

اسلام آباد: 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی 50 ویں سالگرہ کی تیاریوں کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہرسال کیطرح 6 ستمبر کے دن کو قومی جذبے کے ساتھ منایا جائیگا۔  دہشت گردی کے خلاف جنگ کو 1965 کی جنگ کے تسلسل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے کیونکہ دشمن ایک اورشکل میں اپنے جارحانہ اور بالادستی کے عزائم کی کوشش کررہا ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف یوم دفاع پر اپنے ہیروز کو سلام پیش کریں گے، 6 ستمبر کے موقع پر قومی اور ملی اتحاد کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کسی بھی جارحیت کی گھڑی میں پوری قوم 1965 کی طرح متحد ہے، 65 کی جنگ میں قومی جذبے کے ساتھ بڑے دشمن کو شکست دی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا 65 کی جنگ میں شاعر، گلوکار اور موسیقاروں نے قومی جذبہ ابھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپویشن اورذیلی ادارے قومی ہیروز کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام پیش کریں گے۔ اس ضمن میں قومی اخبارات میں خصوصی اشاعت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کا دن ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔