لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیرموجودگی میں فرد جرم عاید کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی، پاکستان میں انصاف کا خون ہورہا ہے ، پھر بھی تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ من پسند جے آئی ٹی بنا کر فیصلے لیے گئے جس میں چن چن کر مخالفین کو رکن بنایا گیا،جے آئی ٹی نے ایٹری چوٹی کا زور لگا دیا لیکن جب کچھ نہیں ملا تو اقامے پر فیصلہ دیا گیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ فیصلہ پاناما پر کرتے اقاما پر کیوں فیصلہ کیا؟ یہ انصاف ہورہا ہے یا انصاف کا خون ہورہا ہے؟میاں نواز شریف نے کہا کہ اگر فیصلہ کرنا تھا تو کک بیک یا کمیشن پر کیا جاتا، وہ شرمسار ہو کر گھرچلے جاتے۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک واپس جا کر مقدمات کا سامنا کریں گے اور انہیں امید ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔