سندھ میں لاقانویت اور لوٹ مار سب سے زیادہ ہے، عمران خان

124

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں ظلم، لاقانونیت اور لوٹ مار سب سے زیادہ ہے اس لیے سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت اسی صوبے میں ہے۔عمران خان نے اپنے ایک وڈیو پیغام کے ذریعے عوام کو اتوار کو سیہون میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضروت سندھ میں ہے، کیونکہ سب سے زیادہ لوٹ مار اور پیسہ سندھ کے لوگوں کا لوٹا گیا ہے جو باہر بھیجا گیا۔عمران خان نے کہا کہ جلسے میں پیغام دوں گا کہ سندھ کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے ہمیں آگے کیا کرنا ہے، ہم نے سندھ کو اپنا پروگرام دینا ہے کہ صوبہ کیسے ترقی یافتہ بناسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں روزگاراور غربت بڑا مسئلہ ہے، صوبے میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، یہاں کمزور کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے جب کہ چھوٹے کسانوں کے ساتھ بھی بڑے کسان ظلم کررہے ہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کا جلسہ آج سہیون میں ہوگا جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔