سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی سے غریب پریشان ہے

143

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر فاروق، جنرل سیکرٹری رانا عدنان، نائب امیر راؤ شیر افگن، مولوی صادق علی، راؤ محمد سرور، میاں محمد کاشف اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی سے غریب مریضوں کی پریشانیاں بڑھ رہی ہیں۔ سیکڑوں اور ہزاروں کی تعد اد میں شہر کے سرکاری اسپتالوں میں دور دراز علاقوں سے بیمار محنت کش متوسط طبقات کے لوگ اپنے علاج معالجے کی غرض سے اسپتالوں میں آتے ہیں اور ڈاکٹر حضرات سے بمشکل چیک کے بعد ادویات کی عدم دستیابی پر مجبور اور لاچار خالی ہاتھ واپس لوٹ جاتے ہیں۔ غریب مریضوں اور ان کے لواحقین اپنے پیاروں کے علاج معالجہ کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جبکہ دنیا ترقی کی منزال طے کر رہی ہے اور ہمارے ملک میں غریب عوام اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ترس رہی ہے جن میں صحت کی بنیادی سہولیات سے لے کر تعلیم، روزگار، سستی بجلی و صاف پینے کا پانی اور روزگار ہیں لیکن بدقسمتی سے مفاد پرستی کی دوڑ میں حکمران طبقہ 77سال سے عوام کے بنیادی انسانی حقو ق فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ملک میں کرپشن نے تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور بدقسمتی سے ہمارے ملک کے اسپتال بھی اس منحوس کرپشن کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔