افغانستان ملٹری اکیڈمی میں خودکش دھماکا‘ 15کیڈٹس ہلاک‘ فضائی حملے میں 10جنگجو مارے گئے

420

کابل،ننگرہار(صباح نیوز+آن لائن+مانیٹرنگ ڈ یسک )افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زیرتربیت فوجی کیڈٹس کے مرکز میں خود کش دھماکے سے 15 زیر تربیت اہلکارہلاک اور4 زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں سیکورٹی فورسز نے داعش جنگجوؤں کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 داعش جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان وغیرملکی میڈیا کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کابل میں زیرتربیت فوجی کیڈٹس کے مرکز میں خود کش دھماکے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کی دوپہر جب کیڈٹس کو لے جانے والی بس ملٹری اکیڈمی سے باہر آرہی تھی تو ایک خود کش حملہ آور نے اس کو نشانہ بنایا۔دولت وزیری کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور پیدل تھا اور دھماکے کے نتیجے میں 15 کیڈٹس ہلاک اور 4 زخمی بھی ہوئے۔



خیال رہے کہ افغان دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران یہ دوسرا خود کش دھماکا ہے جبکہ گزشتہ 4 روز میں یہ 7واں واقعہ ہے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 200 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ علاہ ازیں سیکورٹی فورسز نے افغان صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں داعش جنگجوؤں کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں 10داعش جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ افغان وزارت دفاع نے بھی داعش جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔