ثمینہ احمد
خوبصورت نظر آنا ہر ایک کا حق ہے ۔ اس میں عمر کی کوئی قید نہیں ۔ لہٰذا اپنا خیال رکھنا بھی دیگر کاموں کے ساتھ ایک اہم کام ہے۔ خوبصورتی کے لیے ہماری جلد سب سے اہم ہے ، گھر میں موجود اشیا کے ذریعے اپنی جلد کی خود حفاظت کی جا سکتی ہے ۔
آیئے ہم بتاتے ہیں کہ کیسے اور کن اشیا سے یہ کام لیا جا سکتا ہے ۔
ہنی فیشل
شہد ایک چمچ
انڈے کی زردی ایک عدد
زیتون کا تیل ایک چائے کا چمچ
زردی کو پھینٹ کر تیل ملا لیں اور شہد میں گرم پانی ملا کر اچھی طرح انگلیوں کی مدد سے پورے چہرے اور گردن پر لگائیں آنکھوں کے اطراف احتیاط سے لگائیں ، پپوٹوں کو بچا لیں صرف 20 منٹ بعد سادہ پانی سے دھو لیں ۔
کھیرے کا فیشل
کھیرا ایک عدد
لیموں کا عرق آدھا چائے کا چمچ
Witch hazel ایک چائے کا چمچ
ایک انڈے کی سفیدی جسے الیکٹرک بیٹر میں پھینٹ لیں اور جھاگ تیار کر لیں ۔ کھیرے کو بلینڈ کر لیں ، تمام اجزاء کو ملا کر پندرہ سے پچیس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں ۔
آڑو کا ماسک
آڑو نرم پکا ہوا ایک عدد
انڈے کی سفیدی ایک عدد
کلیزنگ کے بعد ان دونوں اشیاء کو Blend کر لیں اور پورے چہرے پر لیپ کر دیں ، صرف 30 منٹ کے بعد سادے پانی سے چہرہ دھو لیں ۔
سیب کا ماسک(نارمل جلد کے لیے)
نرم سیب ایک عدد
شہد دو چمچ
پہلے سیب کو چھلکے سمیت blend کر لیں ، شہد ملا کر فریج میں رکھ دیں ، صرف دس منٹ بعد چہرہ دھو کر ماسک لگا لیں ، 30 منٹ لگا رہنے دیں اور نرمی سے چہرہ دھو لیں ۔
ٹماٹر کا ماسک
سرخ پکا ہوا ٹماٹر ایک عدد
لیموں کا عرق ایک چائے کا چمچ
جئی کا پسا ہوا دلیہ ایک چائے کا چمچ
چہرے پر پڑنے والی جھائیوں کا علاج بھی ضروری ہے ، تاہم ٹماٹر اور دلیے کا یہ ماسک رخساروں ، ماتھے اور ٹھوڑی کے داغ دھبے دور کرنے کے لیے اکسیر ثابت ہو سکتا ہے ۔ پسے ہوئے دلیے میں یہ اشیاء باہم ملا کر ابٹن کی طرح رگڑیے اور پھر دس منٹ کے لیے چہرے ہی پر سوکھنے دیں اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں اور اگر کوئی نرم ململ کا کپڑا کنکنے پانی میں ڈبو کر ماسک اتاراجائے تو زیادہ بہتر ہے اس طرح جلد متاثر نہیں ہوتی ۔