بھارت سازش کے تحت پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچارہاہے،میاں مقصود

170

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل ظلم وستم کے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ضلع کپواڑہ میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے متعدد کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ محض چند دنوں میں 100سے زائد خواتین کے بال کاٹنے جیسے واقعات نے انڈین فوج کے شرمناک اورگھناؤنے چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کی انتہاکرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ،عالمی برادری اور انسانی حقوق کاپرچارکرنے والی این جی اوز دانستہ اندھی،بہری اور گونگی ہوچکی ہیں۔بھارت ظلم کابازارمقبوضہ کشمیر میں زیادہ دیرتک قائم نہیں رکھ سکتا۔وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی عملاً پاکستان کا حصہ بنے گا۔پاکستان کے20کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔



اس سے دستبردار ہونے کا تصوربھی نہیں کیاجاسکتا۔کشمیر میں شہید ہونے والے افراد خود کو پاکستان کے پرچم میں دفنایا جانا پسند کرتے ہیں۔بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ابھی تک بری طرح ناکام رہاہے۔انہوں نے کہاکہ آئے روز بھارت کی جانب سے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی ایک معمول بن چکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیاجائے۔سیاسی وعسکری قیادت اس حوالے سے عوامی جذبات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان کے حالات خراب کرکے پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور اس سازش میں بھارت کوامریکی آشیر بادحاصل ہے۔کل بھوشن کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے۔دشمنوں کی سازشوں کوناکام بنانے کے لیے ہمیں ہر محازپرڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔