چناب میں پانی کم ہونے سے نہریں پانی کی قلت کا شکار ہیں،علی احمد گورایہ

152

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈ کے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ دریائے چناب سمیت دیگر دریاؤں پر ڈیم بنا کرہمارا پانی بند کرکے انڈیا نے لاکھوں ایکڑ اراضی کو بنجر بنانے کے منصوبے پر عمل شروع کر دیاہے۔انہوں نے کہا کہ دریائے چناب پر پانی کم ہونے سے دوامی نہریں بھی پانی کی قلت کا شکار ہیں اور پانی کی کمی سے فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں اور اگر جلد از جلد پانی کی کمی کو پورا نہ گیا تو آئندہ سیزن میں گندم کی فصل بھی شدید متا ثرہوجائے گی اور ملک میں قحط سالی کا خطرہ بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام شوگر ملوں کو جلد از جلد چالو کیا جائے تاکہ کسان اپنا گنا ٹھکانے لگا سکیں ۔انہوں نے کہا شوگر ملوں نے کسانوں کے اربوں روپے دبا رکھے ہیں فوری طور پر واجبات دلائیں جائیں۔ نواز فیملی کی تین ملوں کی طرف کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات بقایا تھے مگر ان ملوں کو غیر قانونی طور پر شفٹ کر دیا گیا اور اب ان شوگر ملوں کی جگہ کھنڈرات بن چکے ہیں اور کسان واجبات کیلیے دھکے کھا رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا نواز فیملی کی ان ملوں کو عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق واپس اپنی پرانی جگہوں پر لا کر جلد از جلد چالوکیاجائے اور کسانوں کے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں وگرنہ کسان ان لٹیری شوگر ملوں کا گھیراؤ کریں گے۔