کرپشن چھپانے کیلیے ریکارڈ جلانا روایت بن چکا ہے ،ظفر حسین

727

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو برطانیہ سے ملنے والی4ارب 46 کروڑ روپے کی امداد کاریکارڈ غائب ہونے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن چھپانے کے لیے ریکارڈ کو غائب کرنا یا جلادینا روایت بن چکا ہے۔ جب تک پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر 436 پاکستانیوں اور کرپٹ افرد کا قلع قم نہیں کیا جاتا کرپشن نہیں رکے گی ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ ہونے والی 12ارب روپے کی کرپشن نے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں نے سواچار سالوں میں ملک وقوم کو لوٹنے کے سواکچھ نہیں کیا۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کسی ناسور سے کم نہیں۔ جب تک کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے جاتے عوام کوریلیف میسر نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنا دیا ہے۔معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اس کے باوجود پاکستان کا شمارپسماندہ ممالک کی فہرست میں ہوتاہے۔کرپشن اور لوٹ مار کرنے کے لیے حکمران ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کے بجائے غیر ملکی کمپنیوں کو ٹھیکے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیاں وبال جان بن چکی ہیں۔غریب عوام کو دووقت کی روٹی کمانابھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے۔ترقی اور خوشحالی کے دعوے کرنے والے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کوسب سے زیادہ نقصان کرپشن زدہ حکمرانوں نے پہنچایاہے ۔قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کا احتساب شروع ہوچکا ہے ۔احتسابی عمل کے شروع ہونے سے نہ صرف ملکی جمہوریت اور ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ شفاف احتساب سے ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے بھی نجات مل سکے گی۔