عوام کھوٹے سکوں کو دوبارہ نہ آزمائیں ،رانا عدنا ن خان 

207

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خان نے کہا ہے کہ عوام چوروں،لٹیروں اور انتخابات جیتنے کے بعد عوام کو بے یارومددگار چھوڑنے والوں کوآئندہ انتخابات میں مسترد کردیں گے۔عوامی مسائل کے حل کیلیے ضروری ہے کہ کھوٹے سکوں کو دوبارہ نہ آزمایا جائے اور ایسی قیادت کو موقع فراہم کیاجائے جس کاکرداراجلا اور بے داغ اور دامن پر کرپشن کے دھبے نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی غلط حکمت عملی اور ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج مسائلستان بن چکا ہے۔لوگوں کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسرنہیں۔ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے۔ قرضوں کا سہارا لے کر ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے ذریعے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ہر پاکستانی 94ہزار روپے سے زائد کامقروض ہے۔کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے ملک وقوم کے لیے سود مند نہیں ہوسکتے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران حقیقی معنوں میں ایسی پالیسیاں مرتب کریں جو ملک وقوم کی بہتری میں ممدومعاون ثابت ہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ رہی سہی کسر مہنگائی اور بے روزگاری نے پوری کردی ہے۔پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ اورلاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیرکانام ترقی نہیں رکھا جاسکتا۔ جب تک تعلیم اورصحت سمیت عوام کوحقیقی ریلیف نہیں ملتا۔اس وقت تک ملک میں خوشحالی اور عوام کی زندگیوں میں آسودگی نہیں آسکتی اور نہ ہی ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔