ملک میں جمہوریت کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، یوسف گل

231

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ غربت، بے روزگاری، کمر توڑ مہنگائی اور کرپشن کیخلاف جدوجہدجاری رکھیں گے۔ فیصل آبادشہر سمیت ملک بھر میں حکمرانوں کی طرف سے ترقی کے دعوے متوسط طبقات اور فاقہ زدہ لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ شہر میں 60 فیصد سے زائد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ بے روزگاری نے نوجوان نسل کو جرائم اور منشیات میں مبتلا کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر مذاق ہو رہا ہے۔ 77 سال میں زیادہ تر حکمرانوں نے معیشت، تجارت، تعلیم اور عدالتوں کو نشانے پر رکھا اور آج بھی صورتحال سابق ادوار سے مختلف نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عوام بے پناہ مسائل کا شکار ہیں اور ہمارا حکمران ٹولہ سابقہ تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ یوسف گل پراچہ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔