تھرمل ڈیم ملکی ترقی اوربقاکے لیے ناگزیر ہے، ریاض احمد سعدی

224

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65 کے امیر ریاض احمد سعدی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران اور لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات کے لیے تھرمل ڈیم ملکی ترقی اوربقاکے لیے ناگزیر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت بڑے آبی ذخائر مثلاً کالا باغ ڈیم وغیرہ کی تعمیر کے لیے صوبوں میں ا تفاق رائے پیداکرے تاکہ ملک سے بجلی اورآب پاشی کے لیے پانی میں کمی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقا کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے ہمارے دریاؤں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ ہمارے ہاں کالا باغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کی تعمیرسے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ 70 لاکھ ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے اور اس سے خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ سولر انرجی جیسے پراجیکٹ ہر ضلع کی سطح پر لگانے کی ترجیحاً اور فوری ضرورت ہے، حکومت انرجی بحران کے خاتمے کو اپنی ترجیح اول میں رکھے اور کالا باغ ڈیم جیسے قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلدتکمیل کو یقینی بنائے۔