جنوبی ایشیا میں تباہی کا ذمے دار امریکا ہے ،سردار ظفر حسین

227

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے امریکا کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو نظر انداز کرکے ’’ڈومور‘‘کا مطالبہ کو ناقابل فہم اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں تباہی کا ذمے دار امریکا اور اس کے حواری ہیں، جب تک افغانستان میں بھارت اور امریکا کا اثرورسوخ قائم رہے گا، امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف کرے،قوم ابھی تک پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران بھی مشرف کی باقیات کاتسلسل ہیں۔ بھارت ،امریکا اور اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اندر تخریب کاری کی وارداتوں میں براہ راست ملوث ہیں اور وہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ہر صورت میں ناکام بناناچاہتے ہیں،پاکستان ابھی تک افغانستان میں امریکیوں کے ہاتھوں بوئی گئی فصل کاٹ رہا ہے۔



انہوں نے کہا کہ ملک وقوم نازک دور سے گزررہے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، پاکستان کے حکمرانوں کو امریکا کی کاسہ لیسی ترک کرکے ملک وقوم کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر سیاسی عدم استحکام اور انتشار کی فضا دشمنوں کو سازگار ماحول فراہم کرسکتی ہے۔پاکستان کے عزت،وقار اور سلامتی کویقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔