صحت وتندرستی کے نکات

303

مصنوعی مٹھاس سے مٹاپا:

آسٹریلیا کے ماہرینِ صحت کے مطابق مختلف قسم کی میٹھی غذائیں کھانے سے رفتہ رفتہ مٹاپا طاری ہونے لگتا ہے،جب کے پھلوں کی مٹھاس مٹاپے کا سبب نہیں بنتی۔پھل کھانے سے وزن میں اضافہ نہیں ہوتا،اس لیے مٹاپے سے چھٹکارا پانے والے افراد کو چاہیے کہ وہ میٹھی غذاؤں کی جگہ روزانہ پھل کھائیں۔پھلوں میں پائی جانے والی قدرتی مٹھاس وزن میں اضافہ نہیں کرتی،جب کہ مصنوعی مٹھاس ،یعنی شکر وزن بڑھا دیتی ہے۔فربہ افراد کو شکر کم مقدار میں کھانی چاہیے،اس لیے کہ یہ تیزی سے وزن بڑھاتی ہے۔

سوشل میڈیا سے ذہنی توازن خراب:

ایک نئی تحقیق میں بتا یا گیا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا کو بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں،ان کے ذہنوں پر خراب اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔تحقیق کاروں نے بتایا کہ لوگوں کی بڑی تعداد گاڑی چلاتے وقت سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہے۔سوشل میڈیا کے اس بے تحاشا استعمال کے باعث ایسے لوگوں کا ذہنی توازن بگڑ سکتا ہے اور وہ ذہنی مریض بھی بن سکتے ہیں۔

کیاآپ قبض میں مبتلا ہیں؟

ماہرین صحت کے مطابق تازہ گلاب سے قبض دْور ہوجاتا ہے،جب کے خشک گلاب قبض پیدا کرتا ہے۔اگر کسی فرد کو قبض کی شکایت ہوتو اسے چاہیے کہ وہ تازہ گلاب کی چند پتیاں لے کر تھوڑے سے دودھ میں اْبالے۔پھر اسے چھان کر ٹھنڈا کر کے اس میں میں شکر ملا کر چند دن پیے تو قبض سے چھٹکارا مل جائے گا۔

بڑھاپے سے بچاؤ:

صبح روزانہ ایک گلاس دودھ پینے والے افراد جلد بوڑھے نہیں ہوتے۔وہ سدا جوان رہتے ہیں۔روزانہ دودھ پینے سے بڑھاپے کی رفتار میں کمی آجاتی ہے اور انسان طویل عرصے تک تندرست و توانا رہ سکتا ہے۔یہ انکشاف لندن میں کی گئی ایک تحقیق میں کیا گیا ہے۔

موبائل فون سے سرطان کا خطرہ:

واشنگٹن میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ جو افراد موبائل فون بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں،ان کی صحت پر مضر اثرات پڑتے ہیں اور وہ مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہونے لگتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موبائل فون سے خارج ہونے والی تاب کار شعاعیں دماغ کے سرطان کا سبب بن سکتی ہیں۔

گرمیوں میں گنے کا رس نوش کیجیے:

گرمی کے موسم میں گنے کا رس پیتے رہیے،اس لیے کہ یہ بہت فائدہ مند ہے۔گنے کا رس وزن کم کرنے کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔یہ نزلہ زکام اور گلے کی سوزش دور کرتا ہے۔یرقان کو ختم کرنے میں بہت مفید ثابت ہوا ہے۔مثانے اور چھاتی کے سرطان سے محفوظ رکھنے میں معاون ہے۔اس میں میگنیزم،پوٹاشیئم اور فولاد کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے،جو صحت پر اچھے اثرات ڈالتی ہے۔گنے کارس گردے کی بیماریوں کو دور کرنے میں بھی مددیتا ہے۔

معدے کی تکالیف کا خاتمہ:

جاپان میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جو افراد معدے کی تکالیف میں مبتلا رہتے ہوں،انھیں چاہیے کہ وہ ہفتے میں دو تین روز ایک چمچہ شہد میں تھوڑی سی پسی ہوئی دار چینی ملا کر کھا لیا کریں،انھیں بہت فائدہ ہوگا اور وہ معدے کی تکالیف سے نجات پالیں گے۔

نیند کی کمی سے وزن میں اضافہ:

جو افراد رات کو دیر سے سونے کے عادی ہوتے ہیں،ان کی نیند پوری نہیں ہوتی اور جب وہ صبح بیدار ہوتے ہیں تو تھکن اور سْستی محسوس کرتے ہیں اور ان کا پورا دن بے کار گزرتا ہے۔اس کے علاوہ ان کا وزن بھی بڑھنے لگتا ہے۔پنسلوانیا کی یونی ورسٹی میں کی گئی ایک تازہ تحقیق میں یہ بات بتائی گئی ہے۔

توانائی کے لیے آم اور دودھ :

جو افراد جسمانی کم زوری کا شکار ہوں،انھیں چاہیے کہ وہ آم کے موسم میں روزانہ خوب میٹھے آم کھائیں اور بعد میں ایک پیالی دودھ پی لیں۔چند دنوں کے بعد ان کا رنگ سرخ وسفید اور جسم توانا ہوجائے گا۔

تروتازہ اور شاداب جلد کے لیے:

پانی جسم سے فاسد مادّے خارج کردیتا ہے۔یہ جِلد کو نمی بخشتا ہے،جس کے باعث جِلد تروتازہ اور شاداب نظر آتی ہے۔پانی جھریاں بننے کے عمل کو بھی روکتا اور جسم کے نظام کورواں رکھتا ہے۔روزانہ چھے یا آٹھ گلاس پانی ضرور پییں،اس سے دماغ صحت مند رہتا ہے ۔