بھارت کرکٹ سیریز کھیلنے کے معاہدے کی پاسداری کرے،شہریارخان

224

چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا ہے بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے کا معاہدے ہوا ہے ، بھارت کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہئے ۔ کہتے ہیں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی ۔

لاہور جم خانہ کلب آمد کے موقع پر میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے شہر یار خان کا کہنا تھا بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے چانس فٹی فٹی ہیں ۔ ماضی میں بھارت اور پاکستان کے تعلقات اچھے نہیں بھی ہوتے تھے تو بھی دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کھیلی جاتی تھی ۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے شائقین کرکٹ کے انتظار میں ہیں ۔ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کھیلنے سے تعلقات بہتر ہوجاتے ہیں اور تناؤ بھی کم ہوجاتا ہے ، بھارت کو ہمارے ساتھ کھیلنے کے معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے ۔ شہریار خان کا کہناتھا بہرحال ہم بھارت کے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں ۔

محمد عامر ، سلمان بٹ ، محمد آصف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی ، شائقین اور کرکٹر بھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو پسند نہیں کر رہے ، اگر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی کھلےدل سےجرم کااعتراف کریں توشایدشائقین انھیں قبول کرلیں۔ ان کا کہنا تھا محمد عامر، سلمان بٹ ، محمد آصف کی کارکردگی دیکھ کر میدان میں لانے کا فیصلہ کرینگے، جن کھلاڑیوں نے 5 سال کرکٹ نہیں کھیلی نہیں معلوم کتنے پانی میں ہیں ، ان کا کہنا تھا کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں ، ہمیں صرف اپنی بیلٹ ٹائٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا موجودہ سیریز میں خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے ، ویمن کرکٹ ٹیم پہلے سری لنکا پھر ویسٹ انڈیز جائے گی ، کنیرڈ کالج سے ویمن ٹیم کی اچھی کھلاڑیاں نکل رہی ہیں۔