نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ دیا جائے، میاں اسلم

169
راولپنڈی، میا ں محمد اسلم ،شمس الرحمن سواتی و دیگر جماعت اسلامی یوتھ کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں 
راولپنڈی، میا ں محمد اسلم ،شمس الرحمن سواتی و دیگر جماعت اسلامی یوتھ کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ جے آئی یو تھ ونگ اسلام آباد کے انٹرا پارٹی الیکشن کے نتیجے میں ہزاروں نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا حصہ بنایا جائے گا۔ جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی دینی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے، ہمارے پاس نوجوانوں کی بڑ ی تعداد بھی موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ منظم منصوبہ بندی کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ دیا جائے۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ اس سلسلے میں نوجوانوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم کی صورت میں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے انٹرا پارٹی یوتھ الیکشن کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ ونگ اسلام آباد کے صدر چودھری طارق گجر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ جے آئی یوتھ نے ایک ایسے موقع پر نوجوانوں کو پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ان کی مثبت سمت رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی، جب چاروں طرف سے مایوسیوں کی باتیں کی جارہی ہیں، ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت نوجوان نسل کو مادیت، بے مقصدیت اور بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ چودھری طارق گجر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی مرحلہ وار انٹرا پارٹی یوتھ الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے کے دوسرے مرحلے کے طور پر اسلام آباد کی نو یونین کونسلوں میں 29 اکتوبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جارہے ہیں۔