اسلام آباد:وزیراعظم کی زیرصدارت قومی شاہراؤں کی تعمیر سے متعلق اجلاس

168

وزیراعظم نوازشریف نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی شاہراؤں کی بروقت تعمیر کو یقینی بنایا جائے ۔ اقتصادی راہداری منصوبے تمام ملک میں شروع کئے گئے ہیں ۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی شاہراؤں کی تعمیر سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس دوران وزیراعظم نواز شریف کو نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے حکام نے قومی شاہراؤں کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی ۔ بریفنگ کے دوران وزیراعطم کو بتایا گیا کہ حالیہ تعمیراتی منصوبے سے موٹروے کےنیٹ ورک میں 1272 کلو میٹر کا اضافہ ہو گا ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر کام اہداف کے مطابق جاری ہے۔ وزیراعظم کو اقتصادی راہداری منصوبے سے منسلک قومی شاہراؤں کی تعمیر پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا تمام بڑے منصوبے 2017 مکمل کئے جائیں ۔ وزیراعظم نےنیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ قومی شاہراؤں کی بروقت تعمیرکو یقینی بنائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبہ کی جلد تکمیل اور معیاری کام پرخصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نےان منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ معیاری قومی شاہراؤں کی تعمیر سے ہی تمام علاقے عظیم منصوبے کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی بدولت شمالی علاقوں اور آزاد کشمیر سے کراچی تک ملک کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔