حکومت لاپتا افراد کی فی الفور بازیابی کے اقدامات کرے، میاں مقصود

195

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کا مسئلہ حل نہ ہونے پر سینیٹ میں احتجاج لمحہ فکر اور حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کا مظہر ہے۔ حکومت پاکستان اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے۔ پاکستانیوں کے بعد غیر ملکیوں کو بھی اٹھایاجا رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک میں ماورائے آئین وقانون متنازع اقدام سوالیہ نشان ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 سو سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ سول اور عسکری قیادت نے جس طرح کینیڈین جوڑے کو بازیاب کرایا ہے، اسی طرح ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت تمام لاپتا افراد کو بھی بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کرکے قانون کے مطابق سزا دلوائی جانی چاہیے۔ محض شک کی بنیاد پر اغوا کرکے برسوں عقوبت خانوں میں ڈالنا اور تشدد کرنا درست نہیں۔ یوں محسوس ہوتاہے کہ ملک میں کوئی قانون اور عدالتیں موجود نہیں ہیں ۔ریاستی اداروں کو کوئی بھی کام ماروائے آئین وقانون نہیں کرنا چاہیے۔ بنیادی انسانی حقوق کو غصب کرنے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ استحصال کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سول حکومت کوبھی پولیس اور دیگر اداروں پر سیاسی دباؤنہیں ڈالنا چاہیے۔دوروزقبل لاہور میں مسلم لیگی ایم این اے اظہر قیوم ناہراکے بھیجتے زبیر سلطان کو حکوتی دباؤ پر دھوکا دہی کا پرچہ درج ہونے کے باوجود تھانے سے چھڑوایا گیا



اور متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کیا گیا۔ چیف جسٹس عدالت عظمیٰ آف پاکستان میاں ثاقب نثارقانون کی دھجیاں اڑانے والے اس واقعہ کاازخود نوٹس لیں اور ذمے دار افراد کیخلاف کارروائی کرکے ایس ایچ او کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ امیر طبقے کے لیے الگ قانون ہے اور غریب کے لیے الگ۔ لاپتا افراد کا ایشو سالہا سال سے چل رہا ہے اور دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ عالمی برادری میں ملک کے بہتر امیج کے لیے ضروری ہے کہ سیکورٹی نظام کو مزید بہتر اور جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ انسانی حقوق کی پامالی کاسلسلہ فی الفور بند کیاجانا چاہیے۔ علاوہ ازیں میاں مقصود احمد نے سینئر صحافی احمد نورانی پر اسلام آباد میں قاتلانہ حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت صحافیوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔اس طرح کے گھناؤنے اقدامات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے حق سچ کی آواز کو دبایانہیں جاسکتا۔جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ صحافی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور احمد نورانی پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔