جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے انٹراپارٹی الیکشن کا تیسرا مرحلہ ختم ہوگیا

158

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کے پنجاب میں انٹراپارٹی الیکشن کا تیسرا مرحلہ پرامن اندازمیں اختتام پذیرہوگیا ۔صوبے بھرکی طرح ضلع راولپنڈی میں انٹرایوتھ الیکشن گوجرخان ، راولپنڈی اور کلرسیداں میں ہوا۔ اس موقع پرہزاروں نوجوانوں نے ووٹ کے ذریعے اپنی لیڈرشپ کا انتخاب کیا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی ،ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، امتیازعلی اسلم اور محمدتاج عباسی سمیت دیگررہنماؤں نے ضلع بھرمیں پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ نوجوان ملک وقوم کاسرمایہ ہیں لیکن دیگرطبقات کی طرح کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے اس ٹیلنٹ کوبھی ضائع کیا لیکن جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو ان کا جائز مقام دینے اورانہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ۔سینیٹرسراج الحق کے ویژن کے مطابق قومی الیکشن کے لیے ملک بھرکے نوجوانوں کوبھی امیدوارکے طور پر سامنے لایا جارہا ہے یہ نوجوان اسمبلیوں میں پہنچ کرعوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ظلم کی طویل سیاہ رات کا اختتام ہورہا ہے او ر اب کرپٹ ،بددیانت اورظالم سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے مقابلے میں نوجوان امیدکے دیے جلائیں گے۔