اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز پاکستان میں ہوگا‘چیئرمین پی سی بی 

193

لاہور(سید وزیر علی قادری ) پاکستان کرکٹ بورڈپی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگلے سال اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز کا پاکستان میں انعقاد کیا جائے گا ،ٹورنامنٹ میں پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان، انڈیا کی ٹیمیں شریک ہوں گی،میچز ایک سے زیادہ گراؤنڈز پر ہوں گے، امید ہے بھارتی ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی، سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام جائے گا۔لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن بورڈ کے حکام نے پریس کانفرنس کی اس دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔انہوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کے کپتان تسارا پریرا دوسری بار پاکستان آئے ہیں۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آج تاریخی موقع ہے، سماتھی پالا کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 9سال پہلے جو سانحہ ہوا اسے بھلا دینا چاہیے، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ اور دیگر کھیلوں کیلیے محفوظ ملک ہے۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ لاہورمیں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔



اگلے سال اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز کا پاکستان میں انعقاد کیا جائے گا جس میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی، پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان، انڈیا کی ٹیمیں شریک ہوں گی جب کہ چھٹی ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔ میچز ایک سے زیادہ گراؤنڈز پر ہوں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی۔اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر بہت خوش ہیں، ہم یہاں شائقین کے لیے آئے ہیں اور دوبارہ بھی آئیں گے، پاکستان کرکٹ کا ایک بہت بڑا ملک ہے، اسے نظر انداز نہیں کر سکتے، پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے، یہاں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔سماتھی پالا نے کہا کہ سری لنکا نے 1996 میں ورلڈ کپ یہیں جیتا تھا، لاہور آمد پر خوش ہیں اور سری لنکن ٹیم جلد دوبارہ بھی دورہ کرے گی، امید ہے آج کا میچ اچھا ہو گا، کوئی ہارتا ہے اور کوئی جیتتا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھائیوں کی طرح برقرار رہتے ہیں، یہ بھائی چارہ قائم رہنا چاہیے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی دنیا میں ہمارا بڑا بھائی ہے۔ کرکٹ کی بحالی کے لیے سری لنکا پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ہارتا ہے تو کوئی جیتتا ہے لیکن تعلقات بھائیوں کی طرح برقرار رہتے ہیں، اب ہمارا کردار ختم ہوگیا ہے اور اب کھلاڑیوں کی باری ہے۔