کابل (خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے4 صوبوں میں طالبان کے حملوں میں امریکی فوجی اور 28 پولیس اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائیاں قندوز ،زابل ، غزنی اور لوگرمیں کی گئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ طالبان نے قندوز کے ضلع خان آباد میں چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 13پولیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ضلعی سربراہ حیات اللہ امیری نے سی حملے اور اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ بھاری نفری بھیج کر طالبان سے چیک پوسٹ کا قبضہ چھڑالیا گیا ہے۔ طالبان نے دوسرا حملہ جنوبی صوبے زابل کے ضلع ارغان آباد میں کیا ،گورنر بسم اللہ افغانمال نے بتایا کہ اس واقعے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی ،اس دوران متعدد طالبان حملہ آور ہلاک اور زخمی ہوئے۔ صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں9 اہلکار مارے گئے
،طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ چیک پوسٹوں پر ہونے والے حملوں سے خوفزدہ ہوکر متعدداہلکار جانیں بچاکر فرارہوگئے۔علاوہ ازیں طالبان نے صوبہ لوگر میں غیرملکی افواج کا ہیلی کاپٹر مارگرانے کادعویٰ بھی کیا ہے جس میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور 6اہلکارزخمی بھی ہوئے ہیں۔ ناٹو نے ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم طالبان کے دعوے کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ حادثے کا نتیجہ تھا۔یادرہے کہ رواں برس افغانستان میں 11 امریکی فوجی مارے جاچکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں طالبان کے تازہ حملوں کو افغان فورسز اور امریکی اسٹرٹیجی پر حملہ قرار دیا جارہا ہے، حالیہ چند ماہ کے دوران افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، رات کے وقت کیے جانے والے حملوں کی تعداد بھی بڑھی ہے اور ہر ہفتے ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔