ایم کیو ایم نے 32 برس میں شہریوں کی کوئی خدمت نہیں کی ،جنید مکاتی

220

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکا تی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس بات کو اچھی طرح سمجھتی ہے کہ ایم کیو ایم کے پچھلے 32 برس مختلف حکومتوں کے ساتھ رہے لیکن انہوں نے ان 32برس میں مختلف حکومتوں میں رہتے ہوئے، کراچی کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لیے جو پیسے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کو دیے گئے وہ بھی کرپشن کی نذر ہوگئے ہیں اور ڈپٹی میئر کو ان کا حصہ نہیں ملا اس لیے وہ پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے شہر کراچی کے عوام کی خدمت کر نے کے بجائے اپنے کارکنوں اور اپنے اراکین اسمبلی کی خدمت کی ہے اور اپنے کارکنان کو اپنے ساتھ کرپشن پر لگا دیا ہے ،بلدیہ عظمی کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکا تی نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم کے جو لوگ کنگال تھے آج وہ ارب پتی بنے ہوئے ہیں اور ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔ ایم کیو ایم کی بڑی تعداد کرپٹ لوگوں پر مشتمل ہے ان میں اکثریت ملک سے باہر ہے۔



ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ممبران اسمبلی اور کارکنان جن کے خلاف مقدمات ہیں وہ اپنے مقدمے ختم کرانے کے لیے پارٹیاں تبدیل کر رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو ایم کیو ایم الطاف میں تھے انہوں نے دیکھا کہ وہاں ان کی دال نہیں گلی تو یہ ایم کیو ایم پاکستان میں چلے گئے اب یہ لوگ پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حقوق کے نام نہاد دعوے دار وں کے چہرے وہی ہیں صر ف ا پنی کر پشن کو چھپا نے کے لیے پارٹیاں تبدیل کر رہے ہیں۔ کراچی کے عوام ان کر پٹ لوگوں کو اچھی طرح سے جا نتے ہیں اور ڈپٹی میئر کے جانے کی وجہ بھی یہی ہے کہ انہوں نے اپنے ڈیڑھ سال کے دوران کراچی کے عوام کے لیے ایک روپے کا کام نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا میئر کراچی کو ڈپٹی میئر ارشد وہرا کی طرح اپنی نااہلی کو قبول کرتے ہوئے اخلاقی طور پر استعفا دے دینا چا ہیے۔