کراچی(رپورٹ : محمد انور) بلدیہ عالیہ شرقی کے چیئرمین معید انور نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی )سے کہا ہے کہ وہ معاہدے کے تحت ضلع کی سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کے لیے سوئیپر اور دیگر اسٹاف کو بھی جلد سے جلد تعینات کرے تاکہ صفائی ستھرائی بہتر طریقے سے ہوسکے ۔پیر کونمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے معید انور نے بتایا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے تحت کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام ماضی کے مقابلے میں بہتر کیا جارہا ہے۔جو نظر بھی آرہا ہے۔ بورڈ یہ امور ضلعی بلدیہ کے تعاون سے کررہا ہے ۔ لیکن حال ہی میں،میں نے ڈی ایم سی ایسٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے ایم ڈی سولڈ ویسٹ بورڈ کوایک خط کے ذریعے کہا ہے کہ ضلع میں صفائی ستھرائی اور جھاڑو لگانے کے لیے سوئپر اور دیگر اسٹاف کو بھی تعینات کیا جائے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس غرض سے مذکورہ عملے کو تنخواہیں بلدیہ نہیں دے سکتی ۔انہوں نے بتایا ہے کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی معاہدے کے تحت کچرا کنڈیاں یا ڈسٹ بن محلوں اور اپارٹمنٹ میں رکھ چکی ہے تاکہ وہاں کا کچرا اس میں ڈالا جاسکے ۔ ہر علاقے میں تقریباً 80ڈسٹ بن رکھے گئے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاہے کہ یہ بات درست ہے کہ بورڈ اب تک گھروں سے کچرا لینے کا کام شروع نہیں کرسکا توقع ہے کہ یہ عمل بھی جلد ہی شروع کردیا جائے گا۔معید انور کا کہنا ہے کہ یہ بات بھی درست ہے کہ میں سندھ سولڈ ویسٹ کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہوں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ادارے کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نگرانی میں دے دیا جائے ۔کیونکہ صفائی ستھرائی کے امور کا تعلق بلدیاتی اداروں سے ہے نہ کہ سندھ گورنمنٹ سے۔انہوں نے بتایا ہے کہ ضرورت پڑی تو بلدیہ شرقی اپنی کونسل سے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بلدیہ عظمیٰ کے حوالے کرنے کے لیے قراردادا بھی منظور کروائے گی۔ڈی ایم سی ایسٹ کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ ضلع میں سڑکوں کی بہتری اور استر کاری کا کام جاری ہے ۔باغات اور کھیل کے گراؤنڈ کی بہتری کے لیے بھی حاصل فنڈز کے مطابق کام کرایا جارہا ہے ۔ لوگ خود دیکھ سکتے ہیں کہ ہم نے وسائل کی کمی کے باوجو د رات دن کام کرکے ضلع کی حالت بہتر بنادی ہے۔