کشمیر برصغیر کی تقسیم کا ادھورا ایجنڈا ہے ،میا ں مقصود

210

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بھارتی وزیر خزانہ رام مادھو کے بیان کہ’’پاکستان کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں،مقبوضہ کشمیر میں نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے اسٹیج تیارکرلیا ہے‘‘پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔پاکستان کے بغیر مذاکرات محض عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔بھارت کی اس گھناؤنی سازش کے اصل محرکات کوکشمیری قیادت بخوبی جانتی ہے۔مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروادینا ہی کافی ہے مگربھارت اس سے ہمیشہ راہ فرار اختیارکرتارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے3کروڑ عوام اپنے مستقبل کوبھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ جوڑنا پسند کرتے ہیں ۔وہاں شہید ہونے والے ہرشخص کوپاکستان کے پرچم میں دفنایا جاتا ہے ۔ بھارت کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے سینئررہنما چدم برم کایہ کہنا کہ کشمیریوں کو خودمختاری دی جائے ،درحقیقت کھلم کھلا ثبوت ہے کہ بھارت نے70برسوں سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔اب وقت آگیاہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کااحترام کرتے ہوئے انہیں مرضی کافیصلہ کرنے دیاجائے۔



بھارت نے ماضی میں بھی اپنی مرضی کے مذاکرات کروانے کی کوششیں کیں جوبری طرح ناکام رہیں اور آئندہ بھی ایسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کے وجود کااہم حصہ ہے۔یہ برصغیر کی تقسیم کا ادھوراایجنڈا ہے جس کی تکمیل ناگزیر ہوچکی ہے۔پاکستان کے عوام اپنے کشمیری مسلمان بھائی، بہنوں کی ہر سطح پر سفارتی،اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں ظلم وجبر اور جارحیت کی انتہاکردی ہے۔آئے روز پرتشددکارروائیوں کی طویل داستانیں میڈیا میں دکھائی اور سنائی دیتی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے اور بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے ۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ سرجیکل اسٹرائیک کادعویٰ کرنے والے بھارتی حکمران اپنے جاسوس ڈرون طیارے کے انجام سے سبق سیکھیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی وعسکری قیادت اور عوام ملکی سرحدوں کی حفاظت سے غافل نہیں۔ہماری بہادر فوج بھارت کے ہر پروپیگنڈے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔