قومی بجٹ کا 5 فیصد تعلیم کیلیے مختص کیا جائے ،حافظ باسم سعید

189

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل صدرحافظ باسم سعیداورجنرل سیکرٹری اویس شاہ نے کہا ہے کہ قومی بجٹ کا 5فیصد تعلیم کے لیے مختص کیا جائے، تعلیمی بجٹ کے اندر کرپشن ختم کرنے کے لیے ایک شفاف اور خود کار نظام بنایا جائے، تعلیمی اداروں کے اندر طلبہ یونینز کے انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے، تعلیم کو عام کرنے کے لیے ملک میں یکساں نصاب اور یکساں نظام تعلیم نافذ کیا جائے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت بہتر کی جائے اور نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں من مانے اضافے کے عمل کو روکا جائے۔اسلامی جمعیت طلبہ،طلبہ کے حقوق اور تعلیمی مسائل کی جدوجہد جاری رکھے گی اور طلبہ کی رہنمائی اور قیادت کرتی رہے گی۔ اگر حکمرانوں نے طلبہ کو ان کے حقوق نہیں دیے تو ہم ان کا گھیراؤ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری خصوصی اسکولز اور کالجز کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے گرانٹ جاری کی جائے۔ تعلیمی نصاب کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ جمعیت نے طالب علموں کی تعلیم و ترقی اور علم کا پیغام دیا ہے۔ طلبہ کو اتحاد و یکجہتی کا ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ جمعیت نے ہمیشہ ڈکیٹروں اور آمروں کے خلاف جدوجہد کی ہے اور جبر واستبداد قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔جمعیت نے ہی طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف مؤثر تحریک چلائی ہے۔