وفاقی وزیرپیٹرولیم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ، کہتے ہیں قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 ، 3 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے ۔ شاہد خان عباسی کا کہنا تھا پاکستان میں پڑوسی ممالک سے کم قیمت پر پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ بھارت میں پیٹرول 100 اور بنگلادیش میں 129 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا 3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 82 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ پٹرول کی نئی قیمت 73 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم کا کہنا تھا قیمتوں میں کمی سے حکومت کو 90 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا ۔ ان کا کہنا تھا کوشش ہے کہ ہر پاکستانی کو حکومت ریلیف فراہم کرے ۔ گیس پر سبسڈی کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا حکومت گھریلو صارفین کو 75 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ صارفین پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے ۔