آصف زرداری نے غلط اطلاع پر بیان جاری کیا ، پرویز رشید

185

وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے سابق صدر آصف علی زرداری کےبیان سے پہلے ہی وزیراعظم نوازشریف نے ڈاکٹرعاصم کے حوالے سے رپورٹ طلب کر تھی ۔ سابق صدرآصف زرداری کااحترام کرتے ہیں، زرداری صاحب نےغلط فہمی یا غلط اطلاع پر بیان دیا ہے۔ کراچی میں پکڑے گئے لوگوں کے خلاف کیسز ثابت نہ ہوئے تو لوگ واپس آ جائیں گے ۔

سابق صدر آصف علی زرداری کےبیان پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر آج تک عمل درآمد کیا ہے ۔ نوازشریف اور بےنظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے ۔ حکومت انتقامی کارروائی نہ کر رہی ہے نہ کرنا چاہتی ہے نہ آیندہ کرے گی کیوں کہ کسی کو سزا دینا یا ختم کرنا حکومت کا اختیار نہیں ہے، پاکستان میں ادارے مضبوط ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا آصف زرداری متحرک سیاستدان نہیں جن سے انتقام لیا جائے گا ، وقت ثابت کرے گا نواز شریف کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ، ہر کیس عدلیہ کے پاس جاتاہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا 1990 کی سیاست دوبارہ زندہ نہیں ہوسکتی ۔ کراچی آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ۔ آپریشن ضرب عضب میں فوج کو بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں ، فوج کو قوم کا پورا اعتماد حاصل ہے ۔

عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزرشید کا کہنا تھا عمران خان الیکشن کمیشن کے ارکان سے استعفے طلب کر کے ضمنی انتخابات میں فرار چاہتے ہیں ۔ کیوں کہ عمران خان کو100فیصدیقین ہےکہ وہ انتخابات نہیں جیت سکتے۔ ہری پور اور خیبرپختونخواکے انتخابات کو عمران خان نے قبول کیا اس کی وجہ یہ تھی کہ وہاں پی ٹی آئی کو اکثریت ملی تھی ۔ عمران خان الزامات پر مبنی سیاست کر کے آج پھر انتخابات کو متنازع بنا رہے ہیں۔