افغانستان: سفارتی زون میں خودکش حملہ‘ 17افراد ہلاک‘ 20سے زائد زخمی

335
کابل: سفارتی علاقے میں دھماکے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے‘ چھوٹی تصویر میں زخمیوں کو منتقل کیا جارہا ہے
کابل: سفارتی علاقے میں دھماکے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے‘ چھوٹی تصویر میں زخمیوں کو منتقل کیا جارہا ہے

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سفارتی علاقے میں خود کش بم حملے میں کم از کم 17افراد ہلاک اور 20سے زائد زخمی ہوگئے۔ خبررساں ادارے کے مطابق حملہ منگل کے روز حساس ترین علاقے میں آسٹریلوی سفارت خانے کے قریب کیا گیا۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار سفارتی زون میں واقع پہلی چیک پوسٹ سے گزر جانے میں کامیاب ہوگیا تھا، تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے اسے دوسری چیک پوسٹ پر روک لیا،جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دولت وزیری نے مزید کہا ہے کہ ہمیں اس خودکش حملے کے ہدف کا تو معلوم نہیں، لیکن یہ بم دھماکا وزارت دفاع کے دفتر برائے خارجہ تعلقات سے چند میٹر کی دوری پر ہوا ہے اور اس میں ہمارے دفتر کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بم دھماکا منگل کی سہ پہر 4 بجے کے قریب ہوا۔ اس وقت ملازمین اپنے دفاتر سے چھٹی کے بعد گھروں کو روانہ ہورہے تھے ۔ دھماکے کے فوری بعد ایمبولینسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمیوں اور مرنے والوں کی لاشیں نزدیک واقع اسپتال میں منتقل کیں۔