سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی قابل تشویش ہے ،ممتاز حسین سہتو

145

خیرپور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے خیرپور سمیت سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ عرصے میں پولیس کی بہترین کارکردگی کے نتیجے میں کراچی سے لے کر کشمور تک امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی تھی ،پولیس افسران کی ہر جگہ تحسین ہورہی تھی، اے ڈی خواجہ کے آئی جی سندھ تعیناتی سے لوگوں میں مزید یہ امید بڑھ گئی تھی کہ اب کسی کے ساتھ ظلم وناانصافی نہیں ہوگی ،ہر کسی کی جان ومال اورعزت محفوظ ہوجائے گی لیکن نہ جانے کیوں ایک بار پھر سندھ میں بدامنی کا آغاز ہوگیا ہے ،لگتا ہے کہ کچھ عناصر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی عوامی پذیرائی وتشخص کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور خاص طور پر ضلع خیرپور میں ایک نوجوان کا قتل، ہنگورجا کے دو گھروں میں ڈاکا زنی، رانی پور میں دن دہاڑے موٹر سائیکل کا چھن جانا، سٹھارجہ میں دکانوں میں لوٹ مار اور دیگر کرائم معمول ہوتے جارہے ہیں۔میروں پیروں اور وزیروں کا ضلع خیرپور آئی سندھ اے ڈی خواجہ کیلیے چیلنج ہے ۔ صوبائی رہنما نے ناقص امن وامان کی صورتحال کے ذمے داروں ،سٹھارجہ، ہنگورجہ اور رانی پور کے ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلیے اہل وایماندار افسران کو مقرر کیا جائے۔